
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت سعودی کابینہ کے اجلاس میں غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا اور فلسطینی ریاست کی ضرورت پر زور دیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق سعودی کابینہ کے اجلاس کی توجہ بھی سوڈانی بحران کے سیاسی حل پر مرکوز رہی۔
کابینہ کے اجلاس میں امید ظاہر کی گئی کہ ریاض میں ریت اور دھول کے بہاؤ سے متعلق پہلی بین الاقوامی کانفرنس عالمی کوششوں میں مدد فراہم کرے گی۔
دوسری جانب ریاض حکومت نے ایک بیان میں کہا کہ شاہ سلمان ریلیف سینٹر واحد ادارہ ہے جو بیرون ملک عطیات بھیجنے کا مجاز ہے۔
سعودی عرب کی اسٹیٹ سیکیورٹی ایجنسی کا کہنا ہے کہ شاہ سلمان سینٹر کے علاوہ کسی بھی ادارے کو عطیات بھیجنے کی اجازت نہیں ہے۔ اس ضابطے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔