میلبورن(ڈیلی پاکستان آن لائن): باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان بالرز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم کو 318 رنز پر آل آؤٹ کردیا، پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں چائے کے وقفے تک ایک وکٹ کے نقصان پر 79 رنز بنائے
اس سے قبل آسٹریلیا نے 187 رنز 3 وکٹوں کے نقصان پر اننگز کا آغاز کیا تاہم صرف 131 رنز کے اضافے پر کینگروز کی اننگز سمٹ گئی۔ قومی ٹیم کے فاسٹ بولرز نے پہلے سیشن میں 7 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، عامر جمال نے 3، شاہین آفریدی، میر حمزہ اور حسن علی کے 2-2 بیٹرز شکار کیے جبکہ سلمان علی آغا نے ایک وکٹ حاصل کی
پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر امام الحق 10 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ کپتان شان مسعود 22 اور عبداللہ 43 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔
میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ کے پہلے روز قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی، آسٹریلوی اوپنرز کی جانب سے پہلی وکٹ کی شراکت میں 90 رنز بنائے گئے لیکن یہاں اوپنر ڈیوڈ وارنر 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اسکے بعد کینگروز کی دوسری وکٹ 108 رنز پر گری، یہاں عثمان خواجہ 42 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
فوٹو : کرکٹ آسٹریلیا
بارش سے کھیل متاثر ہونے سے قبل مارنس لبوشین 14 اور اسٹیون اسمتھ 2 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔ بارش کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوا تو دونوں بیٹرز نے مل کر 40 رنز کا اضافہ کیا لیکن یہاں اسٹیون اسمتھ 26 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
پہلے روز کھیل کے اختتام پر مارنس لبوشین 44 اور ٹریوس ہیڈ 9 رنز پر وکٹ پر موجود تھے۔
پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر حسن علی، عامر جمال اور آغا سلمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ شاہین شاہ آفریدی اور میر حمزہ کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے