
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ اور قومی سلیکشن کمیٹی نے نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز سے ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ کی تیاریاں شروع کر نے اور نئے کھلاڑیوں کو آزمانے کا فیصلہ کیاہے
نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق بابراعظم اور محمد رضوان کو 2 ، 2 میچوں میں آرام دینے کی تجویز دی گئی ہےجبکہ5 ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز میں دونوں کھلاڑیوں کو تین تین میچز کھیلائے جائیں گے ۔اگلے سال جون جولائی میں ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں کرکٹ ورلڈ کپ ہونا ہے ، اسی کی تیاری کیلئے ٹیم مینجمنٹ نے یہ فیصلہ لیاہے، ٹیم مینجمنٹ نے ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارمرز کو موقع دینے کا فیصلہ کیاہے ، اس سیریز میں روٹیشن پالیسی اپنانے کا بھی فیصلہ کیاگیا ہے ، جس کے تحت کسی میں رضوان اور کسی میں بابرکھیلیں گے۔
میٹنگز میں بات ہوئی کہ بابر اور رضوان تین ساڑھے تین سال سے ٹی ٹوینٹی میں پاکستان کیلئے اننگ شروع کر تےآ رہے ہیں ،لیکن اب جو پالیسی بنی ہے اس کے مطابق صائم ایوب کو سپیشلسٹ بیٹسمین طور پر آزمایا جائے گا، کسی میچ میں ان کے ساتھ بابراعظم اوپن کریں گے، جس میں بابراعظم ہوں گے تو رضوان ون ڈاؤن آئیں گے ، اگر صائم ایوب کے ساتھ رضوان اوپن کریں گے تو بابراعظم ون ڈاؤن آئیں گے ،جبکہ فخر زمان کو چوتھے نمبر جبکہ افتخار احمد کو پانچویں اور معین خان کے بیٹے اعظم خان کو چھٹے نمبر پر کھلایا جائے گا۔
اعظم خان نے ٹیم مینجمنٹ سے وعدہ کیاہے کہ وہ اپنی فٹنس پر کام کریں گے ، ان کی فٹنس پر بہت سوالات اٹھ رہے ہیں ، انٹر نیشنل لیگز کو چھوڑ کر فٹنس پر کام کریں گے ، ٹیم مینجمنٹ نے بھی انہیں یقین دہانی کروائی ہے کہ اگر وہ فٹنس کو بہتر بنائیں گے توان کی ناکامیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ٹیم میں مستقل موقع دیا جائے گا، انہیں ٹیم کے مڈل آرڈر میں جگہ دی جائے گی ۔