واشنگٹن (ویب ڈیسک) – امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ بھارت پر ممکنہ طور پر 20 سے 25 فیصد ٹیرف لاگو کیا جا سکتا ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اس بارے میں حتمی فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدے پر بات چیت جاری ہے۔
بلوم برگ کے مطابق صدر ٹرمپ نے منگل کے روز صحافیوں سے گفتگو میں کہا، “مجھے ایسا لگتا ہے۔” جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا بھارت کے لیے 25 فیصد ٹیرف ممکن ہے۔
ایئر فورس ون میں اسکاٹ لینڈ کے پانچ روزہ دورے سے واپسی کے دوران انہوں نے کہا، “بھارت ہمارا اچھا دوست ہے، لیکن وہ تقریباً ہر ملک سے زیادہ ٹیرف عائد کرتا ہے۔”
ٹرمپ نے مزید کہا، “آپ ایسا نہیں کر سکتے۔”
امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر نے پیر کے روز CNBC سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ساتھ تجارتی معاہدہ ابھی تک مکمل نہیں ہو سکا اور مزید بات چیت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا، “انہوں نے اپنے کچھ شعبے کھولنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، اور ہم بھی ان کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے کے لیے تیار ہیں۔”
گریئر کے مطابق، “تاہم، ہمیں مزید مذاکرات کرنے ہوں گے تاکہ معلوم ہو سکے کہ وہ کس حد تک سنجیدہ اور پرعزم ہیں۔”
صدر ٹرمپ عالمی سطح پر امریکی مصنوعات کے لیے نئے تجارتی مواقع پیدا کرنے پر زور دیتے آئے ہیں، اور ان کی یہ پالیسی بھارت کے لیے بھی مختلف نہیں۔