کراچی کے علاقے جیکسن کا رہائشی محمد شعیب شادی کے ارادے سے سوشل میڈیا کے ذریعے ایک لڑکی سے رابطے میں آیا، مگر یہ رابطہ ایک بھیانک سازش کا پیش خیمہ بن گیا۔ لڑکی کی جانب سے شادی کا جھانسہ دے کر شعیب کو گھوٹکی بلایا گیا، جہاں اسے اغوا کرلیا گیا۔
سوشل میڈیا پر رشتہ، ہنی ٹریپ میں بدل گیا
شعیب نے سوشل میڈیا پر “ضرورت رشتہ” کا اشتہار دیا، جس کے جواب میں ایک نامعلوم لڑکی کی کال آئی۔ لڑکی نے شعیب کو شادی کے لیے رضامندی ظاہر کی اور دعویٰ کیا کہ وہ ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتی ہے، اس لیے جہیز نہیں دے سکتی، مگر وہ شوہر اور اس کے اہلخانہ کی خدمت کرے گی۔
اغوا کی منصوبہ بندی اور تاوان کی طلب
شعیب لڑکی کے کہنے پر گھوٹکی روانہ ہوا۔ راستے میں لڑکی کی کال آئی کہ وہ اوباڑو اسٹیشن پر اتر جائے۔ جیسے ہی شعیب اوباڑو پر پہنچا، اسے وہاں سے اغوا کرلیا گیا۔ شعیب کے مطابق اغوا کاروں نے 50 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔
فوری پولیس کارروائی اور رہائی
پولیس نے بروقت کارروائی کی۔ اے وی سی سی (AVCC)، سی پی ایل سی (CPLC) اور گھوٹکی پولیس نے مشترکہ طور پر کارروائی کرکے مغوی شہری کو بازیاب کرا لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شعیب کو بحفاظت واپس لانے کے بعد اغوا میں ملوث ملزمان کی تلاش اور گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔