اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے حج 2025 کے خواہشمند عازمین کے لیے بڑی سہولت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں مجاز بینکوں کی شاخیں ہفتے کے روز بھی کھلی رہیں گی تاکہ حج درخواستیں جمع کروائی جا سکیں۔
مرکزی بینک کے مطابق یہ فیصلہ وزارتِ مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کی درخواست پر کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں 14 مجاز بینکوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہفتے کے دن صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بج کر 30 منٹ تک اپنی برانچیں کھلی رکھیں تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔
اسٹیٹ بینک نے وضاحت کی کہ مجاز بینک حج درخواست فارم 4 اگست سے 9 اگست 2025 تک وصول کریں گے، جبکہ غیر رجسٹرڈ عازمین حج اپنی درخواستیں اور اخراجات 11 اگست سے 16 اگست 2025 تک جمع کروا سکیں گے۔
یہ اقدام اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے کہ زیادہ سے زیادہ شہری آسانی کے ساتھ اپنے کاغذات مکمل کر کے حج کے لیے درخواست جمع کروا سکیں۔