لاہور: یوم آزادی پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے زیب تن کیے ہوئے لباس کی قیمت جان کر سوشل میڈیا صارفین حیران رہ گئے۔
مریم نواز کا شمار پاکستان کی خوبصورت ترین سیاستدانوں میں ہوتا ہے جو ہر موقع کے لیے پرکشش لباس کا انتخاب کرتی ہیں اور اس کے علاوہ ان کی پرکشش شخصیت کا اکثر سوشل میڈیا پر چرچا رہتا ہے۔
گزشتہ روز پاکستان کا 77 واں یوم آزادی ملک بھر میں ملی جوش و جذبے سے منایا گیا اور تمام پاکستانیوں نے ملبوسات زیب تن کر کے یوم آزادی کو منایا۔
اس موقع پر مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی اور پرچم کشائی کی تقریب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی شرکت سے ہوئی۔
یوم آزادی کے موقع پر مریم نواز نے سبز بارڈر اور قومی پرچم کے پرنٹ والا سفید لباس پہنا تھا تاہم جب وہ لباس پہنے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب کی تصویر آن لائن جاری ہوئی تو ان کے لباس کی قیمت بھی آن لائن جاری کر دی گئی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے یوم آزادی پر برانڈ پرنین عائشہ کا ڈیزائن کردہ لباس پہنا اور اس کی ایک تصویر برانڈ کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی۔
اس کپڑے کے برانڈ کی ویب سائٹ پر مریم نواز کے لباس کی قیمت £34,999 درج ہے۔