پشاور: مردان میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیس ایس پی اعجاز خان شہید ہوگئے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق مردان کے علاقے زادہ مٹہ میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان مسلح تصادم ہوا جس میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایس پی اعجاز خان شہید ہوگئے۔
ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ڈی ایس پی سمیت دو اہلکار شدید زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال لے جایا گیا جب کہ پولیس کی فائرنگ سے دو مطلوب دہشت گرد مارے گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مردان شہر کے علاقے کیٹلنگ میں پولیس کی خفیہ اطلاع پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران مطلوب دہشت گرد محسن قدیر مارا گیا۔
دریں اثناء شہید ایس پی اعجاز خان کی نماز جنازہ پولیس لائن مردان میں پولیس فورس اور دیگر پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں ادا کی گئی۔