پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری کی شاید اپنے بارے میں رائے ہوگی کہ وہ 172 سیٹیں نہیں لے سکتے، ہم اکثریتی سیٹوں پر کامیابی حاصل کریں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے ملک کی تینوں بڑی جماعتوں میں اگر کسی کے پاس ڈیلیور کرنے کی صلاحیت ہے تو وہ مسلم لیگ ن ہے، اس لیے ہمیں اُمید ہے کہ ہم 172 کی لائن کو کراس کرکے اکثریت حاصل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہمیں ایک تجربہ کار اور آزمودہ قیادت کی جتنی ضرورت ہے اتنی پہلے کبھی نہیں تھی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں میزبان حامد میر کے ساتھ اپنے خصوصی انٹرویو کے دوران بات چیت کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا تھا کہ ملک میں آئندہ الیکشن کے نتیجے میں مخلوط حکومت بنے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ن لیگ کے ساتھ نہ چل سکے اور ن لیگ ہمارے ساتھ نہ چل سکے، یہ بات وقت سے پہلے ہے۔
ایک سوال کے جواب میں سابق صدر کا کہنا تھا کہ ہم اپنی پارٹی کے الیکشن پربات کرسکتے ہیں، دوسری پارٹی کے الیکشن پر نہیں، پارٹی الیکشن پرچی پر نہیں، عوام کی رائے پر ہوتا ہے۔