آرمی چیف کی یو این سیکرٹری جنرل سے ملاقات، فلسطینیوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی جس میں انہوں نے مسئلہ کشمیر اور غزہ جنگ کی صورتحال پر گفتگو کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے یو این سیکرٹری جنرل سے گفتگو میں خاص طور پر کشمیر اور غزہ کے جاری مسائل پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، کشمیر کا دیرینہ تنازع حل ہونے تک جنوبی ایشیا میں امن نہیں آسکتا۔

جنرل عاصم نے جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کی یکطرفہ اور غیر قانونی بھارتی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یکطرفہ اور غیر قانونی بھارتی کوشش سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے دانستہ نشانہ بنائے جانے والے فلسطینیوں کی حالت زارپرگہری تشویش کا اظہار کیا۔

اقوام متحدہ کےسیکرٹری جنرل نے آرمی چیف کی یو این ہیڈکوارٹر آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عالمی امن و استحکام کیلئے پاک فوج اور قانون نافذکرنے والے اداروں کے دستوں کے تعاون کو سراہا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی دورہ امریکا میں امریکی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں جاری ہیں، جنرل عاصم منیر سیکرٹری آف اسٹیٹ، ڈیفنس سیکرٹری، ڈپٹی سیکرٹری آف اسٹیٹ سے ملاقاتیں کیں۔

جنرل عاصم منیر نے ڈپٹی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر اور چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف سے بھی ملاقاتیں کیں۔

آرمی چیف کے دورے سے مختلف شعبوں میں پاکستان امریکا کے درمیان تعاون بڑھے گا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top