کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر دو کے قریب کار پر فائرنگ کا واقعہ پیش آگیا۔
پولیس کے مطابق ناظم آباد نمبر دو میں کار پر فائرنگ کے واقعے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئیں، خاتون سمیت دونوں افراد کی شناخت کرلی گئی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ فائرنگ سے ہلاک شخص تاجر اور دوسرا آن لائن ٹیکسی ڈرائیور تھا جبکہ زخمی خاتون تاجر کی اہلیہ تھیں۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران عینی شاہدین نے بتایا کہ 2 موٹرسائیکلوں پر سوار 3 سے 4 ملزمان نے کار پر فائرنگ کی تھی، واقعہ بظاہر ڈکیتی مزاحمت نہیں لگ رہا تھا۔
عینی شاہد کے مطابق ملزمان نے کار سوار افراد سے کوئی لوٹ مار کی واردات نہیں کی۔
پولیس نے بتایا کہ مقتول تاجر طارق 4 بچوں کا باپ تھا، وہ اپنی اہلیہ بینش کے ساتھ شادی میں شرکت کے بعد واپس جا رہا تھا کہ ان کی کار پر فارنگ کا واقعہ پیش آگیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ وقوعہ سے 3 خول ملے ہیں، طارق کو 9، ڈرائیور کو 4 اور زخمی خاتون کو ایک گولی لگی جبکہ آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کا موبائل فون موقع سے نہیں ملا۔