: پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما اور پی ٹی آئی دور حکومت میں ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی رہنے والے دوست محمد خان مزاری مسلم لیگ ن میں شامل ہو گئے۔
مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کا ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا ہر حلقے میں تقریباً 6 سے 8 درخواستیں موصول ہوئی ہیں لیکن ہر حلقے سے ایک امیدوار ہی الیکشن میں حصہ لے گا، جیسے ہی یہ عمل مکمل ہوتا ہے امیدواروں کا اعلان کر دیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ کچھ لوگ کچھ عرصہ سے ہمارے ساتھ تعاون کر رہےتھے وہ آج مسلم لیگ ن میں شامل ہوئے ہیں، این اے 110 سے مولانا آصف، بابر سیال اور پی پی 125 سے نیلم سیال ن لیگ میں شامل ہوئے، پی پی 127 سےشیخ محمد یونس، پی پی 128 سے خالد محمود سرگانہ، پی پی 129 سے خالد غنی، پی پی 130 سے امیر عباس سیال ن لیگ میں شامل ہوئے ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ پی پی 131 سے فیصل حیات، شیخ یعقوب اور انکی اہلیہ ن لیگ میں شامل ہوئیں جبکہ پی پی 267 سے رئیس محمد ابراہیم بھی مسلم لیگ ن میں شامل ہو گئے، این اے 189 سے ریاض خان مزاری اور پی پی 297 سے دوست محمد خان مزاری ن لیگ میں شامل ہو گئے۔
یاد رہے کہ دوست محمد خان مزاری 2018 کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر راجن پور سے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 297 سے الیکشن جیتے تھے۔
رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا 21 اکتوبر کو ن لیگ اور نواز شریف نے وعدہ کیا کہ ملک کو بحران سے نکالیں گے، سوائے ن لیگ کے کسی نے ملک کو ایسے بحرانوں سے نہیں نکالا۔
ان کا کہنا تھا ہم 8 فروری کے الیکشن کے لیے تیار ہیں، الیکشن کا التوا نہیں چاہتے، ہمیں یقین ہے کہ ن لیگ آئندہ حکومت بنانے جا رہی ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا پی ٹی آئی 9 مئی کے واقعات میں ملوث عناصر کو خود سے علیحدہ کرے، 9مئی واقعے کے جو گناہ گار ہوں گے انہیں سزا ملے گی۔