گیٹ نمبر 4 کی سیاست نہیں آتی صرف عوام پر بھروسہ کرتا ہوں: بلاول

شانگلہ: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ ہمیں گیٹ نمبر 4 کی سیاست نہیں آتی جب کہ میں کسی اور کی طرف نہیں دیکھنا چاہتا اور عوام پر بھروسہ کرتا ہوں۔

شانگلہ میں جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک طرف سیاست تقسیم کا شکار ہے، دوسری طرف معاشی حالات بدتر ہوتے جارہے ہیں، پرانے سیاستدان آج بھی پرانی اور انا کی سیاست کررہے ہیں، ہمارا مقابلہ کسی سیاستدان سے نہیں، غربت، بے روزگاری اور مہنگائی سے ہے لیکن پیپلزپارٹی ہی ہے جس نے ماضی میں بھی آپ کو مشکلات سے نکالا۔

چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ ہمیں گالم گلوچ اور ٹک ٹاک کی سیاست نہیں آتی، ہمیں گیٹ نمبر 4 کی سیاست نہیں آتی،  میں کسی اور کی طرف نہیں دیکھنا چاہتا، عوام پر بھروسہ کرتا ہوں، کہیں اور نہیں دیکھوں گا، نہ کسی سے مدد مانگوں گا لیکن عوام سے مدد مانگتا ہوں۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ میرا ملک مشکل میں ہے، آئیں میرا ساتھ دیں، ہم کیسے اس ملک کی قسمت تبدیل کریں گے،  میں نے تمام سیاستدانوں کو قریب سے دیکھا ہے،  ان کے پاس صرف پرانی سیاست ہے جو انتقام کی سیاست ہے، ہمیں ایسی سیاست کو دفن کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی اور سیاسی جماعت اور سیاستدان نہیں جس کے ہاتھ صاف ہوں، 18 مہینے وزیر خارجہ رہا، میرے ہاتھ صاف ہیں، میں اپنی جیب بھرنے کے بجائے آپ کی جیب بھرنا چاہتا ہوں، آپ سے وعدہ کرتا ہوں 5 سال میں آپ کی تنخوا دگنی کریں گے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top