
دبئی (آئی این پی)فٹبال کے میدان میں کئی ریکارڈز بنانے والے پرتگال کے سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے میدان سے باہر بھی اپنے حریفوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا ہے،5بار بیلن ڈی اور ایوارڈ جیتنے اور کئی چیمپئنز لیگ ٹائٹل اپنے نام کرنے کے بعد کرسٹیانو رونالڈو نے انٹرنیٹ کی دنیا میں بھی اپنے حریفوں کو شکست دے دی، گوگل نے گزشتہ دنوں اپنے 25سال مکمل ہونے پر ایکس پر اب تک سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے لمحات کے مجموعے کی ایک ویڈیو پوسٹ کی۔
گوگل کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو نے گوگل کی تاریخ میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے ایتھیلٹ کا اعزاز حاصل کیا ہے، رواں سال سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے کرکٹر میں ویرات کوہلی نے سب کو پیچھے چھوڑا،گوگل کی جانب سے اعزاز حاصل کرنے پر رونالڈو نے انسٹاگرام پر ایک مختصر سا ویڈیو کلپ پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ گوگل کی تاریخ میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے ایتھلیٹ کا اعزاز حاصل کرنے پر شکرگزار ہوں۔
واضح رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو انسٹاگرام پر 60کروڑ فالوورز حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے انسان ہیں ان کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد 61کروڑ 50لاکھ ہے، رونالڈو کے بعد سب سے زیادہ فالوورز والی شخصیت کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ارجنٹائن کے فٹبالر لیونل میسی ہیں جن کے فالوورز کی تعداد 49کروڑ 50لاکھ سے زائد ہے،فوربز کے مطابق 38سالہ کرسٹیانو رونالڈو 50کروڑ ڈالرز کے اثاثوں کے ساتھ دنیا کے امیر ترین اور کامیاب ایتھلیٹس میں سے ایک ہیں۔