کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں اس سال 338 نفرت انگیز جرائم رپورٹ ہوئے۔
ٹورنٹوپولیس کے مطابق اسرائیل حماس جنگ کے بعد ٹورنٹو میں آباد کمیو نٹیز کے درمیان نفرت میں اضافہ ہوا۔
پولیس کا کہنا ہےکہ اسرائیل حماس جنگ کے بعد ٹورنٹو میں 98 نفرت انگیز واقعات رپورٹ ہوئے، ٹورنٹو میں اس سال کے نفرت انگیز جرائم گزشتہ سال کی نسبت 41 فیصد زیادہ ہیں جب کہ نفرت انگیز واقعات پر 48 گرفتاریاں ہوئیں اور 96 الزامات عائد کیے گئے
واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر بدترین جارحیت جاری ہے جس کے نتیجے میں دنیا بھر میں اسرائیل کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے جب کہ بڑی تعداد میں لوگ فلسطینیوں کے حق میں بھی سڑکوں پر نکل رہے ہیں۔
ایسے میں بیشتر ممالک میں صیہونیوں اور مسلمانوں کے درمیان نفرت انگیز واقعات بھی رونما ہوئے ہیں، خاص طور پر کینیڈا میں یہ واقعات زیادہ رپورٹ ہوئے جس کے نتیجے میں اسکولوں اور عبادت گاہوں پر حملے بھی دیکھے گئے۔
ادھر اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 20 ہزار ہوگئی ہے جن میں 8 ہزار بچے اور 6 ہزار 200 خواتین بھی شامل ہیں۔