اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس ، احتجاج اور توڑ پھوڑ کیسز پر سماعت کے دوران پرویز الٰہی نے استدعا کی کہ کیس کی لمبی تاریخ دے دیں،جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہاکہ کتنی لمبی تاریخ دوں، چلہ تو نہیں کاٹنا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس ، احتجاج اور توڑ پھوڑ کیسز کے معاملےپر سماعت ہوئی،چودھری پرویز الٰہی کو عدالت پیش کردیا گیا، خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سماعت کی۔
جج ابوالحسنات نے پرویز الٰہی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ چودھری صاحب کیسے ہیں،پرویز الٰہی نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی آپ کی بہت تعریف کرتے ہیں،جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہاکہ کوشش ہے میرٹ پرکام کروں، کسی کی حق تلفی نہیں کرتا۔
پرویز الٰہی نے کہاکہ جیل میں گر گیا تھا، 2ٹیسٹ کرانے ہیں، اجازت دی جائے،جج نے کہاکہ درخواست دے دیں دیکھ لوں گا، بے شک اڈیالہ میں ہی دے دیں،پرویز الٰہی نے استدعا کی کہ کیس کی لمبی تاریخ دے دیں،جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہاکہ کتنی لمبی تاریخ دوں، چلہ تو نہیں کاٹنا،عدالت نے سماعت 15فروری تک ملتوی کردی۔