
سعودی ایئر کی ڈھاکہ سے ریاض جانے والی پرواز کو مسافر کی طبیعت بگڑنے پر مجبوراً کراچی میں میڈیکل لینڈنگ کرنا پڑی۔
سعودی ایئر کی پرواز SV 805 نے ڈھاکہ سے ریاض کے لیے 15:57 پر اڑان بھری۔ طیارہ بھارتی فضائی حدود میں تھا جب جہاز میں سوار 44 سالہ مسافر ابو طاہر بیمار ہوگیا اور پائلٹ نے طیارے کا رخ ممبئی کی طرف موڑ دیا۔
تاہم ایئر ٹریفک کنٹرولرز کی ہدایات کے مطابق طیارے کا رخ کراچی کی طرف موڑ دیا گیا اور صبح 7 بج کر 28 منٹ پر کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔
سول ایوی ایشن کی میڈیکل ٹیم نے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی کارروائی کی اور طیارے کے لینڈ ہوتے ہی ڈاکٹرز پہنچ گئے۔
ڈاکٹروں کی ٹیم نے مسافروں کا معائنہ اور طبی امداد فراہم کرنے کے بعد طیارہ کراچی سے ریاض کے لیے روانہ ہوگیا۔