پاکستان ویمنز ٹیم نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ ویمنز کو شکست دیکر تاریخی کامیابی حاصل کر لی۔
پاکستان ویمنز ٹیم نے ڈونیڈن میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبان نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے ہرایا جو پاکستان ویمنز کی 9 ٹی ٹوئنٹی میچز میں میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی کامیابی ہے۔
نیوزی لینڈ ویمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر127 رنزبنائے، پاکستان ویمنز نے 18.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔
نیوزی لینڈ کی میڈی گرین نے پانچ چوکوں کی مدد سے 43 رنز ناٹ آؤٹ بنائے جبکہ سوزی بیٹس نے 28 رنز اسکور کیے۔
پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں فاطمہ ثنا کی شاندار بولنگ اور شوال ذوالفقار کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے پاکستان ویمنز کی تاریخی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، دائیں ہاتھ کی میڈیم فاسٹ بولر فاطمہ ثنا نے صرف 18 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جس کے بعد اوپنر شوال ذوالفقار نے 41 رنز کی اہم اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی جیت کو ممکن بنا دیا۔
پاکستان ویمنز کی اوپنرز شوال ذوالفقار اور منیبہ علی نے 40 رنز کا عمدہ آغاز کیا، منیبہ علی 23 اور شوال ذوالفقار نے 41 رنز اسکور کیے، ندا ڈار نے 23 جبکہ عالیہ ریاض جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 12 گیندوں پر 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 25 رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہیں۔
نیوزی لینڈ ویمنز کی طرف سے سوفی ڈیوائن نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ فاطمہ ثنا اپنی شاندار بولنگ کے سبب پلیئر آف دی میچ قرار پائیں، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی منگل کے روز اسی گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
فاطمہ ثنا کی شاندار بولنگ اور شوال ذوالفقار کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے پاکستان ویمنز کی تاریخی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا