پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ٹیم میں فاسٹ بولرز شامل ہیں جو نسیم شاہ کی کمی پورا کرسکتے ہیں۔
کینبرا میں میڈیا ٹاک کے دوران سرفراز احمد نے کہا کہ کینبرا میں پہلی مرتبہ کھیلنے کا موقع مل رہا ہے، آج موسم اچھا ہے پچ دیکھنے کا موقع ملے گا، یہاں ٹیسٹ سیریز سے پہلے میچ بڑا اہم ہے، کوشش کریں گے کہ میچ سے زیادہ سے زیادہ پریکٹس کا فائدہ اٹھائیں، ہماری ٹیسٹ کی ٹیم بڑی سیٹل ہے، ہم ٹاپ ٹیم کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلنا چاہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چار روزہ میچ کے لیے پرائم منسٹر الیون اچھی ٹیم ہے، ہمیں اچھی پریکٹس ملے گی، شان مسعود پہلی مرتبہ کپتانی کر رہے ہیں، کپتانی اعزاز کی بات ہوتی ہے، محمد حفیظ کے ساتھ ان تعلق اچھا ہے، شان مسعود اچھی طرح ٹیم کو کے کر چل رہے ہیں۔
سرفراز احمد نے کہا کہ بابر اعظم ٹیم میں بہت دلچسپی لے رہے ہیں، بابر اعظم شان مسعود کے ساتھ ساتھ ہیں، انفرادی گول ہر کسی کا ہوتا ہے لیکن پاکستان سے نکلتے وقت ہم ٹیم کو گول بنا کر نکلے تھے، ہمارا گول یہی ہے کہ ہم نے یہاں اچھی کرکٹ کھیلنی ہے، کوشش یہی ہے کہ سیریز جیتنا ہے ، انفرادی گول یہ ہے کہ اگر موقع ملتا ہے تو بیٹنگ اور کیپنگ میں بہترین دینا ہے۔
وکٹ کیپر بیٹر نے کہا کہ جب آپ کرکٹ کھیلتے ہیں تو جو بھی رول دیا جائے آپ اس کے لیے تیار رہتے ہیں، رضوان اور مجھے جو بھی رول دیا جائے گا اس پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے، آسٹریلیا ٹاپ کوالٹی سائیڈ ہے اور آپ اس کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیل رہے ہیں، آسٹریلیا اپنے ملک میں ہمیشہ ٹف رہی ہے، کوشش کریں گے کہ آسٹریلیا کو ٹف ٹائم دیں، ہماری ٹیم بہت اچھی ہے میدان میں اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔
دوران گفتگو سرفراز نے کہا کہ ڈیوڈ وارنر کے لیے نیک خواہشات ہیں، کوشش کریں گے کہ انہیں جتنا جلد آؤٹ کر سکیں کریں، ہماری کوشش ہے کہ ان کو اچھا اسٹارٹ نہ لینے دیں،پرتھ ٹیسٹ کے لیے اچھی تیاری کر رہے ہیں، ہمارے فاسٹ بولرز اچھے ہیں جو ٹیم میں شامل ہیں نسیم شاہ کی کمی پوری کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے ٹور پر چیلنجز ہوتے ہیں، یہاں نیٹ پر بھی بڑے مضبوط بولرز ملتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کینبرا میں 6 سے 9 دسمبر تک چار روزہ میچ کھیلے گی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 14 دسمبر کو ہوگا، قومی ٹیم کی قیادت شان مسعود کریں گے جنہیں پہلی مرتبہ کپتانی کی ذمے داریاں سونپی گئی ہیں۔