ٹانک اور کرک واقعے میں ملوث افغان شہری کا بھائی بڑا طالبان کمانڈر ہے: وزیر اطلاعات بلوچستان

نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کا کہنا ہے ہمارے پاس افغان طالبان کمانڈرز کی جانب سے دہشتگردی کے منظم حملوں کی سہولت کاری کے ثبوب موجود ہیں۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جان اچکزئی کا کہنا تھا وزارت خارجہ کی سطح پر پاکستان نے دہشتگردی کے ثبوت افغان حکومت کو فراہم کیے ہیں، تمام ثبوتوں کی فراہمی کے باوجود ہمارے ساتھ ڈبل گیم کھیلی جا رہی ہے، افغانستان کی طرف سے کاسمیٹک کوششیں کی جا رہی ہیں جو ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں جہاں دہشت گردوں کے مراکز ہیں انہیں اسلحہ دیا جا رہا ہے، ٹانک اور کرک واقعے میں ہلمند کا شہری ملوث تھا جس کا بھائی افغان طالبان کا قندہار میں بڑا کمانڈر ہے، اس سطح پر مداخلت، دہشت گردی کے منظم حملوں کو افغانستان سے سہولت کاری کے ہمارے پاس ثبوت ہیں، ہمارا مطالبہ یہی ہےکہ دہشتگردوں کو پاکستان کے حوالے کیا جائے۔

نگران صوبائی وزیر کا کہنا تھا ہم نے بلوچستان میں جعلی شناختی کارڈز کی نشاندہی کرتے ہوئے ایک لاکھ 70 ہزار کارڈز بلاک کیے، کسی بھی غیر ملکی نے الیکشن مہم میں حصہ لیا،جعلی ووٹ ڈالنےکی کوشش کی سزائیں دیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں جان اچکزئی کا کہنا تھا وفاقی حکومت کی کاوشوں اور آرمی چیف کے وژن سے معیشت مستحکم ہو رہی ہے، اسٹاک ایکسچینج 650000 پوائنٹس تک پہنچ گئی، ڈالر کی قیمت نیچے آئی ہے، اسمگلنگ کی معیشت ختم اور حوالہ ہنڈی کو کنٹرول کیا گیا ہے، آئی ایم ایف بورڈ جلد پاکستان کے لیے 700 ملین ڈالرز جاری کرے گا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top