
ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے لیے پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنز سیریز اور تین ون ڈے میچوں کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لیے 14 اپریل کو کراچی پہنچے گی۔
2022-25 آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں 18، 21 اور 23 اپریل کو تین ون ڈے میچز اور 26، 28، 30 اپریل، 2 اور 3 مئی کو پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز ہوں گے۔
پاکستان ویمنز ٹیم اس وقت آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ رینکنگ میں 18 میچوں میں 16 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے جبکہ ویسٹ انڈیز 12 میچوں میں 8 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہے۔
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان آٹھویں جبکہ ویسٹ انڈیز چھٹے نمبر پر ہے۔
ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ویمن کرکٹ ڈائریکٹر تانیا ملک نے کہا کہ ہم ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کا پاکستان میں پرتپاک استقبال کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گھر پر چوتھی سیریز کی میزبانی خواتین کرکٹ کو فروغ دینے اور ہماری کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر بہترین کارکردگی کا موقع دینے کے پی سی بی کے عزم کا ثبوت ہے۔
تانیہ ملک نے مزید کہا کہ پاکستان ویمن ٹیم کے آئی سی سی ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے کے امکانات پہلے سے بہتر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھی اس سال کے آخر میں منعقد ہوگا۔ اس پیشرفت اور مختصر ترین فارمیٹ میں ٹیم کی حالیہ اچھی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے سلیکٹرز کا خیال ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میگا ایونٹ کے لیے اسکواڈ کو حتمی شکل دینے میں مددگار ثابت ہوگی۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیموں کے درمیان تمام ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز 18 اپریل سے 3 مئی تک نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
واضح رہے کہ 2022-25 کی آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں ویسٹ انڈیز کی ویمن ٹیم کے خلاف سیریز پاکستانی خواتین ٹیم کی پاکستان میں آخری سیریز ہوگی اور چیمپئن شپ کی آخری سیریز رواں سال مئی میں انگلینڈ کے دورے پر کھیلی جائے گی۔ .