
مغربی ہواؤں کے باعث کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی ہے اور بدھ کو کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں بارش کے آثار ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی، ایم اے جناح روڈ، صدر، ہرادر، کلفٹن، ڈیفنس، اورنگی، نیو نسیم آباد اور ملحقہ علاقوں میں ہلکی سے موسلادھار بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں رواں سال موسم سرما کی یہ پہلی بارش تھی۔
محکمہ موسمیات نے 4 فروری تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کرتے ہوئے بدھ کو کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
2 سے 3 فروری تک کراچی سمیت سندھ کے مختلف مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب مری اور گلیات میں ہلکی برفباری کے بعد سردی دوبارہ بڑھ گئی۔ آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی درجہ حرارت گر گیا۔
بالائی علاقوں میں برفباری اور بارش کا سلسلہ جاری رہنے سے راستے بند ہو گئے اور لاہور اور پنجاب کے کئی شہروں میں بھی ہلکی بارش ہوئی۔