پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے 2024 کے عام انتخابات کیلئے اپنے پارٹی منشور کی تیاری کیلئے عوام سے تجاویز طلب کرلیں۔
ن لیگ کے صدر کا کہنا تھا کہ انتخابی منشور کی تیاری کا مقصد بنیادی مسائل کی نشاندہی اور ان کا قابل عمل حل تجویز کرنا ہے۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اندرون ملک اور بیرون ملک رہنے والے تمام پاکستانیوں کو دعوت ہے کہ وہ pmln2024.com پر جا کراپنی قیمتی اورقابل عمل تجاویز سے آگاہ کریں۔
مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا عوام سے نہ ٹوٹنے والا تعلق ہی اس کی اصل طاقت ہے، شہری، پاکستانی قوم کی اجتماعی دانش کو ترقی کی حقیقی شکل دینے کیلئے اپنی تجاویز پورٹل پر ڈال سکتے ہیں۔
ن لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے بھی منشور کی تیاری کیلئے عوام سے پورٹل کے ذریعے تجاویز دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کا خاتمہ مسلم لیگ ن کی اولین ترجیح ہے، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری کو بھی منشور کا لازمی حصہ بنایا جا رہا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آئین کی حکمرانی، مہنگائی میں کمی، کرپشن کاخاتمہ اور شفاف احتساب کو منشورکا حصہ بنا رہے ہیں۔