مریکا میں مندرکی دیواروں پر مودی مخالف اور خالصتان کےحق میں نعرے

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک مندرکی دیواروں پر مودی مخالف اور  خالصتان تحریک کےحق میں نعرے لکھ دیے گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ کیلیفورنیا کے شہر نیوارک میں قائم سوامی نارائن مندر وسانا سنستھا میں پیش آیا جس کی دیواروں پر ہندوؤں سے نفرت پر مبنی اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف نعرے لکھے گئے۔

اس حوالے سے ہندو امریکن فاؤنڈیشن کی جانب سے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر مندر پر لکھے نعروں کی تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں۔

فاؤنڈیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ نفرت انگیز نعرے مندر میں آنے والوں کو خوف میں مبتلا کرنے کیلئے لکھے گئے ہیں اور ساتھ ہی یہ تشدد کے خوف کو بھی بڑھاوا دے رہے ہیں۔

ادھر مندر کی انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ جمعرات کی رات پیش آیا اور مندر کے قریب رہنے والے ایک ہندو شخص نے مندر پر لکھے نعروں کو دیکھ انتظامیہ کو آگاہ کیا۔

اس حوالے سے نیوارک پولیس ڈپارٹمنٹ اور ڈپارٹمنٹ آف جسٹس سول رائٹس ڈیویژن میں واقعے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے اور پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

دوسری جانب حکومت مخالف نعروں پر بھارت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے امریکا سے تحقیقات کامطالبہ کیا ہے اور ساتھ ہی بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ سان فرانسسکو قونصل خانے نے امریکی حکام کو شکایت درج کرا دی ہے۔

واضح رہے کینیڈا میں خالصتان تحریک کے رہنماؤں کے قتل میں ہندوؤں کے شامل ہونے کا انکشاف ہوا تھا جبکہ امریکا میں بھی سکھ رہنما کے قتل کی سازش کو ناکام بنا دیا گیا تھا جس کے بعد سے بھارت کے کینیڈا اور امریکا کے ساتھ تعلقات میں گرما گرمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

 

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top