محبت میں پاکستان آکر شادی کرنیوالی انجو واپس بھارت کیوں گئی؟

فیس بک پر ہونے والی دوستی کی خاطر  پڑوسی ملک ہندوستان سے پاکستان آکر دیر کے رہائشی نصراللہ سے شادی کرنے والی انجو جنہوں نے نکاح سے قبل مسلمان ہوکر  اپنا نام فاطمہ رکھ لیا تھا، اب چار ماہ بعد واپس بھارت چلی گئیں۔

انجو بدھ کو واہگہ بارڈر کے راستے بھارت گئی اور وہاں سے بھارتی دارالحکومت نئی دلی کے لیے پرواز لی، دلی پہنچنے پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور بہت زیادہ سوالات کے جواب دینے سے گریز کیا۔

دلی ائیرپورٹ  پر جب میڈیا والوں نے ان سے بات چیت کرنا چاہی تو انہوں نے کہا کہ میں ابھی کچھ نہیں کہنا چاہتی۔

بھارت جانے کے حوالے سے فاطمہ کے شوہر نصراللہ کا کہنا ہے کہ بھارت میں کچھ مسائل کا سامنا تھا جسے حل کرکے اور  اپنے بچوں کو لے کر ان کی اہلیہ فاطمہ واپس لوٹ آئیں گی۔

نصراللہ کے مطابق فاطمہ تین ماہ کے لیے بھارت گئی ہیں، ہو سکتا ہے وہ بھی اس عرصے میں بھارت جائیں۔

بھارت پہنچنے پر پوچھ گچھ:

بھارتی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ انجو سے پاکستان کی دفاعی ایجنسیوں یا اہلکاروں کے ساتھ کسی رابطے کے بارے میں پوچھا گیا تھا جس کی اس نے سختی سے تردید کر دی۔

پوچھ گچھ کے دوران انجو نے حکام کو بھارت میں اپنے پروگرام کے بارے میں بتایا اور کہا وہ پاکستان واپس جائیں گی،  وہ اپنے بھارتی شوہر اروند کو طلاق دینے کے بعد بچوں کو پاکستان لے کر جائیں گی۔

واضح رہے کہ فاطمہ 22 جولائی 2023 کو واہگہ بارڈر لاہور کے راستے پاکستان پہنچی تھیں جس کے بعد 25 جولائی کو ان کا پاکستانی نوجوان نصر اللہ کے ساتھ نکاح ہوا تھا۔

انجو بھارت میں شادی شدہ تھیں اور ان کے بچے بھی تھے، انجو کے  سابق شوہر اروند نے بتایا تھا کہ وہ جے پور جانے کے بہانے گھر سے نکلی تھی لیکن بعد میں اہلخانہ کو پتہ چلا کہ وہ پاکستان میں ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top