لاہور: طالبات کی بس پر فائرنگ واقعے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت، 6 ملزمان گرفتار

لاہور کے قریب سندر کے علاقے میں طالبات کی بس پر فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے گرفتار ملزمان کا تعلق پتوکی سے ہے، اب تک کی تفتیش میں ملزمان کی کسی طالبہ سے رنجش یا کوئی تعلق ثابت نہیں ہو سکا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان نے گاڑی کرائے پر لے رکھی تھی، واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی کے مالک کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق گاڑی کے مالک آفتاب کی نشاندہی پر گاڑی کو بھی ٹھوکر نیاز بیگ سے برآمد کر لیا گیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار دو ملزمان وکی اور سنی چونگی امرسدھو میں عارضی طور پر رہائش پذیر تھے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل پتوکی سے تفریحی دورے پر کشمیر جانے والی نجی کالج کی بس پر لاہور میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں دو طالبات زخمی ہوگئیں تھیں، سر میں گولی لگنے سے ایک طالبہ کی حالت نازک ہونے کے باعث انہیں کو وینٹی لیٹر پر بھی منتقل کیا گیا تھا۔

واقعے کے بعد زخمی طالبہ کے بھائی حمزہ نے بتایا تھا کہ  گولی ان کی بہن کے سر کے بائیں حصے کو چھو کر نکلی تھی، کالج والے دونوں زخمی طالبات کو اسپتال بھجوا کر خود تفریحی دورے پر روانہ ہوگئے تھے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top