خان یونس اور شمالی غزہ میں لڑائی جاری ہے مگر اس دوران سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں اسرائیلی فورسز نے درجنوں فلسطینی مردوں کو برہنہ حالت میں حراست میں لے رکھا ہے۔
بی بی بی نے اس ویڈیو کی تصدیق کی ہے جس میں فلسطینی افراد کو برہنہ حالت میں صرف زیر جامہ (انڈر ویئر) پہنے دیکھا جاسکتا ہے۔ وہ اپنے گھٹنوں پر ہیں اور ان کے گرد اسرائیلی فوجی ہیں۔
خیال ہے کہ ان افراد کو شمالی غزہ کے علاقے بیت لاہیا سے گرفتار کیا گیا تھا۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے افراد میں سے ایک شخص نامور صحافی ہے۔
ویڈیو میں درجنوں افراد کی سڑک کنارے قطار بنائی گئی۔ بظاہر ان کے جوتے اتروائے گئے جنھیں سڑک پر پھینک دیا گیا۔ اسرائیلی فوجی اور ان کی بکتر بند گاڑیاں ان کے گرد موجود ہیں۔
دیگر تصاویر میں انھیں فوجی ٹرکوں میں دوسری جگہ منتقل کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ اسرائیلی ذرائع ان افراد کو حماس کے جنگجو کہہ رہا ہے جنھوں نے مبینہ طور پر ہتھیار ڈال دیے۔
ایک تصویر، جس کی بی بی بی سی تصدیق نہیں کرسکتا، میں تحویل میں لیے گئے افراد کی آنکھوں پر پٹیاں بندھی ہیں۔ وہ گھٹنوں کے بل ریت کے گڑھے میں ہیں۔
ویڈیو کے بارے میں پوچھے جانے پر اسرائیلی حکومت کے ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ حراست میں لیے گئے تمام افراد فوج میں بھرتی کی عمر کے تھے اور انھیں ’ان علاقوں سے حراست میں لیا گیا تھا جہاں سے عام شہری ہفتوں پہلے نکل گئے تھے۔‘ جمعہ کو اسرائیلی حکومت کے ترجمان ایلون لیوی نے بی بی سی کو بتایا کہ ان افراد کو شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ اور شیجائیہ سے حراست میں لیا گیا تھا، جنھیں انھوں نے “حماس کے مضبوط گڑھ اور اہم مراکز‘ قرار دیا۔
انھوں نے کہا کہ ’ہم فوج میں بھرتی کی عمر کے مردوں کے بارے میں بات کر رہے ہیں جو ان علاقوں سے پکڑے گئے تھے جہاں سے عام شہریوں کو ہفتے پہلے نکالا گیا تھا۔‘
ایلون لیوی نے مزید کہا کہ ’یہ جاننے کے لیے ان سے پوچھ گچھ کی جائے گی کہ کون واقعی حماس کا دہشت گرد تھا اور کون نہیں۔‘
انھوں نے زور دے کر کہا کہ حراست میں لیے گئے افراد ان علاقوں سے ملے ہیں جہاں اسرائیلی فورسز حماس کے ساتھ ’سخت جنگ‘ میں مصروف تھیں۔ ’ انھوں نے جان بوجھ کر خود پر عام شہریوں کا روپ دھارا ہوا تھا اور اور شہری عمارتوں سے کارروائیاں کر رہے تھے۔‘
اس سے قبل اسرائیلی فوج کے ترجمان نے جمعرات کو کہا کہ ’آئی ڈی ایف کے فوجی اور شاباک کے افسران نے سینکڑوں مشتبہ عسکریت پسندوں کو تحویل میں لے کر تفتیش کی۔‘
’کئی افراد نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خود کو فورسز کے حوالے کیا۔ تفتیش سے ملنے والی انٹیلیجنس کا استعمال لڑائی جاری رکھنے کے لیے کیا جائے گا۔‘
اسرائیلی فوج نے دھمکی دی اگر مرد گھروں سے باہر نہیں نکلے تو گولی مار دیں گے‘
بی بی سی نے ایک ایسے شخص سے بھی بات کی ہے جس کا کہنا ہے کہ اس کے 10 کزن اس گروپ کا حصہ تھے جسے اسرائیلی فوج نے جمعرات کو بیت لاہیا سے حراست میں لیا تھا۔
وہ شخص جو حفاظتی خدشات کے باعث اپنی شناخت ظاہر نہیں کرنا چاہتے ہیں نے بی بی سی عربی کے نامہ نگار ایتھر شیلابی کو بتایا کہ اسرائیلی فورسز کے فوجی علاقے میں داخل ہوئے اور میگا فونز کے ذریعے مردوں کو ان کے گھروں اور اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی کے سکولوں سے نکلنے کا حکم دیا۔
انھوں نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے علاقے کی خواتین کو قریبی ہسپتال جانے کا حکم دیا اور بعد میں دھمکی دی کہ اگر مرد گھروں سے باہر نہیں نکلے تو انھیں گولی مار دیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس کے سات کزنز کو رہا کر دیا گیا ہے اور وہ گھر واپس آ چکے ہیں، لیکن وہ اسرائیلی حراست میں موجود باقی تین کزنز کی قسمت کے بارے میں نہیں جانتے۔
سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں برطانیہ میں فلسطینی سفیر نے اس فوٹیج کو ’اسرائیلی قابض افواج کی اقوام متحدہ کی پناہ گاہ سے شہریوں کو حراست میں لینے اور انھیں برہنہ کرنے کی وحشیانہ تصاویر‘ کے طور پر بیان کیا۔
حسام زوملوٹ نے کہا کہ ’یہ انسانیت کی تاریخ کے سیاہ ترین باب کو جنم دیتا ہے۔‘
العربی الجدید سے وابستہ فلسطینی صحافی دیا الکہلوت ان افراد میں سے ہیں جنھیں گرفتار کیا گیا۔
عربی زبان کا یہ ادارہ انگریزی میں نیو عرب کے نام سے کام کرتا ہے۔ اس نے کہا کہ الکہلوت اور ان کے بھائیوں کو گرفتار کیا گیا۔ اسرائیلی فورسز نے بیت لاہیا سے ان کے رشتہ داروں اور دیگر ’عام شہریوں‘ کو بھی گرفتار کیا۔
العربی الجدید نے ان گرفتاریوں کی مذمت کی ہے۔ اس نے کہا کہ فوجیوں نے فلسطینی افراد کے کپڑے اتروائے اور ان کی ’غیر معقول چھان بین کی اور گرفتاری کے دوران تضحیک آمیز روایہ رکھا۔ انھیں بعد میں نامعلوم جگہ منتقل کیا گیا۔
اس کی جانب سے عالمی صحافتی اداروں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسرائیل کے صحافیوں سے قابل اعتراض رویے کی مذمت کرے۔
بی بی سی نے آئی ڈی ایف سے اس گرفتاری پر مؤقف جاننے کے لیے رابطہ کیا ہے۔
رفعت العرعيرکی اسرائیلی فضائی حملے میں ہلاکت: ’ہم ناامید ہیں، ہمارے پاس کھونے کو کچھ نہیں‘
ادھر غزہ کے باسی اور ان کے ہزاروں مداح مشہور ماہر تعلیم، مصنف اور شاعر رفعت العرعیر کی غزہ میں ایک اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں ہلاکت پر سوگوار ہیں اور انھیں مختلف انداز میں خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں۔
العرعیر کے سسر نے بتایا ہے کہ وہ اپنے بھائی، بہن اور چار بچوں سمیت بدھ کو ہونے والے اس فضائی حملے میں ہلاک ہوئے۔ وہ غزہ کی اسلامیہ یونیورسٹی میں انگریزی ادب کے پروفیسر تھے۔ یہ یونیورسٹی 11 اکتوبر کو اسرائیلی فضائی حملوں کے باعث تباہ ہو گئی تھی۔
رفعت العرعیر ایک فلسطینی غیر سرکاری تنظیم ’وی آر ناٹ نمبرز‘ یعنی ہم اعداد و شمار نہیں ہیں کے بانیوں میں سے ایک تھے۔ اس تنظیم کا آغاز 2015 میں ہوا اور اس کا مقصد ’خبروں میں بتائے جانے والے فلسطینی اعداد و شمار کے بیچھے کی کہانیاں‘ بتانا تھا۔
انھوں نے اسرائیلی آپریشن کے آغاز کے بعد شمالی غزہ سے جانے سے انکار کر دیا تھا اور ہلاکت سے دو دن پہلے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی جا سکتی تھیں۔
انھوں نے اس ویڈیو کے ساتھ لکھا تھا کہ ’عمارت لرز رہی ہے۔ ملبہ اور بم کے ٹکڑے دیواروں کو لگ رہے ہیں اور گلیوں میں اڑ رہے ہیں۔‘
اسرائیل پر حماس کے سات اکتوبر کے حملے کے چند گھنٹے بعد ہی رفعت العرعير نے بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں اس حملے کو ’جائز اور اخلاقی‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ’بالکل وارسا گیٹو کی بغاوت کی طرح ہے۔‘
وارسا گیٹو بغاوت جرمنی کے زیر قبضہ پولینڈ میں 1943 میں ہوئی تھی جس میں یہودیوں نے گیٹو میں اسلحہ سمگل کر کے جرمن نازی آبادی کے خلاف انھیں حراستی کیمپس میں لے کر جانے کے منصوبے کے خلاف مزاحمت کرنے کی کوشش کی تھی۔
یہ ایک متنازعہ رائے تھی جس پر لوگوں کا شدید ردعمل آیا تھا جس کے بعد بی بی سی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ اس بات سے اتفاق کرتےیں کہ تبصرہ ناگوار تھا اور وہ رفعت کو دوبارہ تبصرے کے لیے مدعو نہیں کریں گے۔‘
رفعت کے لیے انگریزی زبان آلۂ آزادی تھا‘
رفعت العریری کے بارے میں سوشل میڈیا پر ان کے رفقا، شاگرد اور دوست بات کر رہے ہیں۔
ان کے ایک شاگرد اور قریبی رفیق جہاد ابو سلیم نے انھیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’انگریزی زبان ان کا جنون تھا لیکن انھوں نے اسے سماج سے لاتعلق ہونے کے لیے نہیں سکھایا، یہ رجحان تیسری دنیا میں انگریزی بولنے والے اپر اور مڈل کلام میں بہت عام ہے۔
’رفعت کے لیے انگریزی زبان آلۂ آزادی تھی، غزہ کے لمبے محاصرے سے آزاد ہونے کا طریقہ، ایک ٹیلی پورٹیشن ڈیوائس جسے غزہ کے فکری، علمی اور ثقافتی ناکہ بندی اور اسرائیل کی جانب سے کھڑی کی گئی فصیلوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا تھا۔‘
ایلکس کرارفورڈ نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’غزہ کے مشہور ماہر تعلیم اور شاعروں میں سے ایک اسرائیلی فضائی حملے میں اپنے گھروالوں سمیت مارے گئے ہیں۔
’رفعت العرعیر کے الفاظ ’ہم ناامید ہیں، ہمارے پاس کھونے کو کچھ نہیں‘ پریشان کن ہیں۔‘