اسرائیل نے غزہ میں ایندھن کی معمولی سپلائی کی اجازت دے دی۔
خلیجی میڈیا کے مطابق اسرائیل کی سکیورٹی کیبنٹ نے غزہ کی پٹی میں ایندھن کی معمولی سپلائی کی اجازت دی۔
خلیجی میڈیا کا کہنا ہےکہ اسرائیلی سکیورٹی کیبنٹ نے غزہ میں انسانی بحران پر قابو پانے اور جنوبی غزہ میں بیماریاں پھوٹنے سے بچانے کے لیے ایندھن کی سپلائی کی اجازت دی۔
سرائیلی وزیراعظم کے آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ تیل کی مقدار کا تعین کابینہ کرے گی اور اسے مقامی انسانی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ترتیب دیا جائے گا۔
اسرائیلی فوج کا پہلی بار خان یونس شہر میں آپریشن
دوسری جانب اسرائیل نے پہلی بار خان یونس شہر کے اندر آپریشن شروع کردیا ہے جس کی تصدیق اسرائیلی فوج کی جانب سے کی گئی ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہےکہ فوجی اہلکار خان یونس شہر کے سینٹر میں پہنچ چکے ہیں جہاں اہلکاروں نے شہر کے دل میں ٹارگٹڈ چھاپے مارے ہیں، جن علاقوں میں چھاپے مارے گئے یہ حماس ملٹری اور اس کے انتظامی علاقے سمجھے جاتے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے میں دہشتگردی کا انفرا اسٹرکچر تباہ کرکے ہتھیاروں کا بھی پتا لگایا ہے۔
رپورٹس کے مطابق غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں 16 ہزار 200 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں۔