عائشہ منزل واقعہ: کراچی میں فائرسیفٹی کے بغیر عمارتیں نہیں چل سکتیں، میئر کراچی

کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے عائشہ منزل پر آتشزدگی کے واقعے پر کہا کہ کراچی میں فائرسیفٹی کے بغیر عمارتیں نہیں چل سکتیں اور  جن عمارتوں کی منظوری سیفٹی سسٹم کے بغیر دی گئی ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔

گزشتہ روز عائشہ منزل کے قریب فرنیچر کی دکانوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے رہائشی فلیٹس کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

آگ کی وجوہات جاننے کیلئے نگران وزیراعلیٰ سندھ نے انکوائری کا حکم دے دیا جب کہ گورنر سندھ نے رپورٹ طلب کرلی۔

جیو نیوز سے گفتگو میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ کراچی کو ایسا کردیا گیا ہے کہ کوئی اس شہر کا پرسان حال نہیں، ہم سب ایسے سانحات کے ذمے دار ہیں لیکن دوسروں کو ذمے دار ٹھہراتے ہیں، میئرکراچی کو اس بات پر توجہ دینی چاہیے کہ ایسے واقعے باربار رونما نہ ہوں۔

دوسری جانب میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ شہر کے چار مختلف مقامات پر عمارتوں کا معائنہ شروع کردیا ہے، کراچی میں فائرسیفٹی کے بغیر عمارتیں نہیں چل سکتیں، جن عمارتوں کی منظوری سیفٹی سسٹم کے بغیر دی گئی ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔

ادھر نگران وزیر داخلہ سندھ بریگیڈئیر ریٹائرڈ حارث نواز نے کہا کہ واقعہ بہت بڑا سبق ہے، امید ہے حکومت سندھ اور دیگر ادارے مل کر بیٹھیں گے۔

علاوہ ازیں رہائشی عمارت میں ریسکیو عمل جاری ہے اور  آگ سے متاثرہ رہائشی عمارت سے ایک اور لاش نکال لی گئی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق عمارت کی پہلی منزل سے ملی لاش اسپتال منتقل کردی گئی، متوفی دم گھٹنے اور جھلسنے سے جاں بحق ہوا جس کے بعد واقعےمیں جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہوگئی جب کہ ایک شخص زخمی ہے۔

 

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top