تصور کریں کہ آپ طیارے سے کراچی سے لاہور جا رہے ہوں مگر وہ آپ پشاور لے جائے تو پھر؟
ایسا عجیب واقعہ افریقی ملک نائیجریا میں پیش آیا جہاں ایک مسافر طیارہ اپنی منزل سے لگ بھگ 200 میل دور واقع شہر پر جاکر اتر گیا۔
یونائیٹڈ نائیجریا ائیر لائنز کی پرواز 25 نومبر کو لاگوس سے ابوجا کے لیے روزانہ ہوئی تھی۔
مگر ابوجا کی جگہ یہ پرواز اس سے 198 میل دور واقع شہر Asaba میں لینڈ ہوئی۔
طیارے میں سوار ایک مسافر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ فلائٹ اٹینڈنٹس کی جانب سے شروع میں اعلان کیا گیا تھا کہ طیارہ ابوجا پر لینڈ کر رہا ہے۔
مسافر کے مطابق طیارے کے عملے نے پراعتماد سے ابوجا پہنچنے کا اعلان کیا اور پرواز لینڈ کرنے کے بعد ہمیں علم ہوا کہ ہم Asaba پہنچ گئے ہیں، بظاہر پائلٹ کو لاگوس میں غلط فلائٹ پلان دیا گیا تھا۔
ایک اور مسافر نے بتایا کہ پہلے ہمیں لگا کہ شاید کچھ غلط ہوا ہے جس کے بارے میں ہمیں نہیں بتایا گیا، مگر پھر پائلٹ نے اعلان کیا کہ اسے غلط فلائٹ پلان دیا گیا تھا جس کے بعد مسافر پرسکون ہوگئے۔
فضائی کمپنی کی جانب سے اس واقعے پر ایکس پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے معذرت کی گئی۔
مگر کمپنی کا کہنا تھا کہ پائلٹ نے ابوجا میں خراب موسم کے باعث دانستہ طور پر طیارے کا رخ بدلا تھا۔
بیان کے مطابق عملے کی جانب سے غلط اعلان کے باعث مسافر الجھن کے شکار ہوئے۔
وہاں سے طیارہ کچھ دیر بعد پرواز کرکے اپنی منزل پر پہنچا۔
یہ پہلا موقع نہیں جب کوئی طیارہ مطلوبہ منزل سے بہت دور لینڈ ہوا۔
اس سے قبل 2019 میں ایک برطانوی فضائی کمپنی کی جرمنی جانے والی پرواز غلط فلائٹ پلان کے باعث اسکاٹ لینڈ جا پہنچی تھی۔