پاکستان کے سابق کرکٹر سلمان بٹ کے افغانستان کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ کنسلٹنسی کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا۔
سلمان بٹ کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اعلان سے ایک روز پہلے افغانستان کی جانب سے پیشکش ہوئی تھی، سلیکشن کمیٹی کا کنسلٹنٹ مقرر کرنے کے بعد افغانستان بورڈ کے ساتھ معاملہ رک گیا۔
اس حوالے سے سلمان بٹ کا کہنا ہے کہ افغانستان بورڈ نے مجھ سے کنسلٹنٹ کے لیے رابطہ کیا تھا، آئندہ آنے والی سیریز کے لیے پچیس روزہ کیمپ کے لیے کنسلٹنٹ کے طور پر رابطہ ہوا تھا۔
سابق کرکٹر نے کہا اسی دوران پی سی بی میں کنسلٹنٹ کی تقرری ہو گئی، اس کو ترجیح دی لیکن اس کے بعد افغانستان سے ابھی دوبارہ رابطہ نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے سلمان بٹ کو کنسلٹنٹ مقرر کرنے کے ایک روز بعد ہی انہیں عہدے سے ہٹادیا تھا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر وہاب ریاض کا کہنا تھاکہ سلمان بٹ کے نام پر بہت بات ہوئی ہے، سلمان بٹ کرکٹ کو سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی کا سلمان بٹ کو بطورکنسلٹینسی ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے، سلمان بٹ کا اب نام واپس لے لیا ہے، ویسے تو سلمان بٹ اپنے کیے کی سزا بھگت چکے ہیں لیکن نہیں چاہتا سلمان بٹ کے بارے مزید غلط باتیں کی جائیں۔
ان کا کہنا تھاکہ کسی کا دباؤ نہیں، سلمان بٹ کو کنسلٹنٹ بنانے کا فیصلہ میں نے ہی کیا تھا، اب انہیں کو ہٹانے کا فیصلہ بھی میں ہی کررہا ہوں۔