اسلام آباد: سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل سے متعلق ریفرنس کی نشریات دکھانے سے متعلق سپریم کورٹ کی تین رکنی کمیٹی نے رپورٹ مرتب کر لی۔
ذرائع کے مطابق صدارتی ریفرنس کی کارروائی براہ راست نشر کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کی 2 رکنی کمیٹی پیر کو رپورٹ پیش کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کی 2 رکنی کمیٹی نے ذوالقفار علی بھٹو کے عدالتی قتل سے متعلق ریفرنس کی نشریات براہ راست دکھانے یا سماعت کے بعد ریکاڈنگ جاری کرنے سے متعلق رپورٹ مرتب کر لی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محمد علی مظہر پر مشتمل کمیٹی سفارشات فل کورٹ کے سامنے رکھے گی۔
سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کے عدالتی قتل سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سماعت منگل 12 دسمبر کو ہو گی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 9 رکنی لارجر بینچ دن 11 گیارہ بجے سماعت کرےگا۔
یاد رہے کہ 2011 میں اس وقت کے صدر آصف علی زرداری نے ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل سے متعلق ریفرنس دائر کیا تھا اور اس وقت کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے دسمبر 2012 تک کیس کی 6 سماعتیں بھی کی تھیں لیکن ریفرنس سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا تھا