ٹی وی انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے بھارتی اداکار بھوپندر سنگھ نے درخت نہ کاٹنے دینے پر پڑوسیوں پر فائرنگ کردی جس سے ایک شخص ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اتر پردیش میں پیش آیا جہاں اداکار کا پڑوسیوں سے درخت کاٹنے نہ دینے پر جھگڑا ہوا، اداکار نے اپنے فارم کو جالیاں لگا کر پڑوسی کی زرعی زمین سے علیحدہ کرنے کا فیصلہ کیا جس کیلئے اداکار نے کچھ درخت کاٹے جس پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو اس قدر بڑھ گئی کہ بھوپندر سنگھاور ان کے ساتھیوں نے مل کر پڑوسی اور اس کے گھر والوں پر حملہ کردیا۔
رپورٹس کے مطابق طیش میں آئے اداکار نے اپنا لائسنس شدہ اسلحہ نکالا اور پڑوسیوں پر فائرنگ کردی جس سے پڑوسی کا 22 سالہ بیٹا ہلاک ہوگیا جب کہ فائرنگ سے خود اداکار کا پڑوسی، اس کی اہلیہ اور بیٹا زخمی ہوئے۔
یڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کا علم ہوتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر اداکار سمیت تینوں ساتھیوں کو گرفتار کرلیا جب کہ زخمیوں کو فوری علاج کیلئے اسپتال منتقل کیا۔
واضح رہے اداکار بھوپندر سنگھ نے ‘یہ پیار نہ ہوگا کم’ اور ‘مدھوبالا’ جیسے ہٹ ڈراموں میں کام کیا ہے۔