حماس نے اسرائیلی فوجیوں کی رہائی کے بدلے اپنی شرائط پیش کردیں

حماس کے ایک سینیئر رہنما نے کہا ہے کہ حماس کی جانب سے ثالثوں کو اسرائیلی فوجیوں کی رہائی سے متعلق اپنی رضامندی اور اسرائیلی فوجیوں کی رہائی کے بدلے اپنے شرائط سے بھی آگاہ کردیا ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری لڑائی میں عارضی جنگ بندی سے متعلق ہونے والے مذاکرات کے دوران حماس نے جنگ بندی معاہدے کے دورانیے میں توسیع اور اسرائیلی فوجیوں کی رہائی سے متعلق اپنی رضامندی ظاہر کر دی ہے۔

غزہ میں حماس کے سابق وزیر صحت باسم نعیم کا کہنا ہے حماس نے اسرائیلی فوجیوں کی رہائی کے بدلے میں اپنی شرائط ثالثوں کے آگے پیش کردی ہیں

انہوں نے بتایا کہ حماس نے تمام اسرائیلی فوجیوں کی رہائی کے بدلے میں تمام فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے جبکہ حماس کے پاس موجود اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ بندی کے دورانیے میں مزید توسیع سے متعلق بھی بات چیت جاری ہے۔

سابق فلسطینی وزیر صحت نے بتایا کہ حماس نے واضح کردیا ہے کہ فوجیوں کی رہائی کیلئے اسرائیل کو پہلے اپنے ٹینکوں اور عسکری ساز و سامان سمیت غزہ سے واپس لوٹنا ہوگا۔

باسم نعیم کا کہنا تھا کہ اگر اسرائیل اپنے فوجیوں کی رہائی چاہتا ہے تو اسے پہلے غزہ پر اپنی جارحیت بند کرکے غزہ محاصرہ ختم کرنا ہوگا اور پھر تمام فلسطینی قیدیوں کو رہا کرنا ہوگا جس کے بدلے میں حماس 7 اکتوبر کو یرغمال بنائے گئے اسرائیلی فوجیوں کو رہا کرے گا۔

دوسری جانب عرب میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان قطر اور مصر کی ثالثی میں جنگ بندی معاہدے میں دوسری  مرتبہ توسیع کیلئے مذاکرات جاری ہیں جبکہ حماس کی جانب سے جنگ بندی کے دورانیے میں دوسری مرتبہ توسیع کیلئے رضامندی ظاہر کی گئی ہے تاہم حماس نے جنگ بندی کے دورانیے میں توسیع کیلئے پیش کیے گئے اسرائیلی پرپوزل کو مسترد کر دیا ہے۔

العربیہ کی خبر کے مطابق حماس ذرائع نے بتایا کہ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کے دورانیے میں توسیع کیلئے پیش کیے گئے منصوبے پر حماس نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ جنگ بندی میں توسیع کیلئے اسرائیلی پرپوزل میں پیش کی گئی تجاویز بہتر نہیں ہے۔

خیال رہے کہ قطر اور مصر کی ثالثی میں اسرائیل اور حماس کے درمیان ابتدائی طور پر چار روزہ جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا تھا جس کی تکمیل پر جنگ بندی میں مزید دو دن کی توسیع کی گئی تھی، جنگ بندی معاہدے میں توسیع کی میعاد آج ختم ہو جائے گی اس لیے مصر اور قطر دونوں فریقین کے درمیان جنگ بندی معاہدے میں ایک اور توسیع کیلئے مذاکرات میں مصروف ہیں۔

 

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top