
نئی دہلی: بھارت کے دارالحکومت میں ایک فیکٹری میں دھماکے کے بعد خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ دارالحکومت نئی دہلی کے ضلع علی پور میں واقع ایک پلانٹ میں پیش آیا جہاں دھماکے کے وقت ایک درجن سے زائد کارکن اور ملازمین موجود تھے۔
پولیس نے بتایا کہ دھماکہ ایک فیکٹری کے گودام میں ہوا جس میں پینٹ بنانے کے لیے استعمال ہونے والے کیمیکلز کا ذخیرہ تھا۔ دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی اور پوری فیکٹری جل کر خاکستر ہوگئی۔
پینٹ فیکٹری ایک تنگ رہائشی علاقے میں واقع تھی۔ جس کی وجہ سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ آگ بجھانے میں چار گھنٹے لگے۔ ایک درجن سے زائد زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اسپتال کے حکام نے میڈیا کو بتایا کہ ایک درجن سے زائد زخمیوں کو اسپتال لایا گیا تھا، جن میں سے نو کی موت ہوگئی اور دو علاج کے دوران دم توڑ گئے۔ چار زخمیوں کو انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں داخل کرایا گیا۔
واقعے کی تحقیقات کے لیے تحقیقاتی کمیشن قائم کر دیا گیا۔ تاہم بھارت میں ایسے واقعات عام ہیں، جہاں رہائشی علاقوں میں پینٹ، پٹاخے اور دھماکہ خیز مواد بنانے والی فیکٹریاں غیر قانونی طور پر قائم ہیں۔