امریکی صدر اور اسرائیل کے وزیراعظم کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو کے بعد خطے میں اضافی اسرائیلی فوج بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت میں امریکی صدر جو بائیڈن اور امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے اسرائیل کو بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملوں سے بچانے کے لیے مزید دفاعی ساز و سامان بھیجنے پر تبادلہ خیال کیا۔
وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو ایران، حماس، حزب اللہ اور حوثیوں سے محفوظ رکھا جائے گا۔اسرائیل کے ایران اور لبنان پر حملے کے بعد امریکی بحری بیڑے کو خلیج فارس میں بھیجا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ایران اور لبنان پر اسرائیل کے حملوں کے بعد خطے میں بڑھتی کشیدگی کے باعث امریکا نے روزویلٹ نامی جنگی جہاز بھی خلیج فارس روانہ کیا تھا۔
امریکی اخبارات کے مطابق اس بحری بیڑے میں چھ میزائل بردار جہاز شامل ہیں اور پانچ امریکی جنگی جہاز اس وقت مشرقی بحیرہ روم میں تعینات ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شام، لبنان اور اسرائیل کے ساحلوں پر امریکی جاسوس طیاروں کی پروازیں جاری ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق امریکی بحریہ کے جاسوس طیارے نے خفیہ معلومات اکٹھی کرتے ہوئے شام، لبنان اور اسرائیل کے ساحلوں پر چار گھنٹے تک پرواز کی۔