
انگلینڈ کے ایک اور کرکٹر اسپنر ریحان احمد کو ویزے کے تنازع پر ائیرپورٹ پر روک دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنگل انٹری ویزا رکھنے والے ریحان احمد کو دستاویزات غائب ہونے کے باعث راجکوٹ ایئرپورٹ پر روک دیا گیا۔
تاہم مقامی حکومت کی مداخلت کے باعث دو دن کا ویزہ جاری کر دیا گیا اور انگلینڈ ٹیم کے منیجرز سے کہا گیا کہ وہ دو دن میں مسئلہ حل کریں۔
اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے عہدیدار نے بتایا کہ انگلینڈ سے دوبارہ ویزا کے لیے درخواست دینے کو کہا گیا ہے۔
اس سے قبل شعیب بشیر نے ویزے کے مسائل کی وجہ سے تاخیر کے بعد انگلینڈ کی ٹیم کو جوائن کیا تھا جب کہ ریحان احمد کو اپنے پہلے دورہ انگلینڈ میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم ابوظہبی میں 10 روزہ وقفے کے بعد بھارت واپس آرہی تھی کہ ریحان احمد کو روک لیا گیا۔
بھارت اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ جمعرات کو راجکوٹ میں کھیلا جائے گا۔