غزہ: رفح میں بڑے آپریشن کو روکنے کے لیے امریکا نے اسرائیل کو حماس کے رہنماؤں کے بارے میں خفیہ معلومات فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔
امریکی اخبار کی رپورٹس کے مطابق امریکہ نے رفح میں بڑے پیمانے پر آپریشن نہ کرنے کے بدلے اسرائیل کو غزہ کی پٹی میں حماس کے رہنماؤں کے بارے میں خفیہ معلومات فراہم کرنے کی پیشکش کی۔
حماس کا دعویٰ ہے کہ بائیڈن انتظامیہ رفح میں اسرائیل کی کارروائیوں اور فلسطینی عوام کے خلاف انسانیت سوز جرائم کی مکمل ذمہ داری قبول کرتی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ امریکہ صہیونی فاشزم کے جرائم کی پردہ پوشی کرتا ہے۔
حماس کا مطالبہ ہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری خوف ختم کرے اور اسرائیل پر غزہ پر حملے بند کرنے اور امداد فراہم کرنے کے لیے دباؤ بڑھائے۔
اسرائیلی فوج نے مبینہ طور پر فلسطینیوں کو رفح کے مشرقی اور وسطی علاقوں کو خالی کرنے کا حکم دیا ہے اور اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے غزہ کی پٹی کے شہر رفح سے تین لاکھ فلسطینیوں کو نکال لیا ہے۔
ادھر غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملے جاری ہیں اور کل سے اب تک 30 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔