اسرائیلی فوج کی شمالی غزہ میں 2 اسکولوں پر بمباری ، 50 فلسطینی شہید، سیکڑوں زخمی

اسرائیلی فوج کی شمالی غزہ میں 2 اسکولوں پر بمباری کے نتیجے میں 50 فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔

اسرائیل نے فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے خلاف کارروائی کے نام پر زمینی جنگ کا دائرہ جنوبی غزہ تک بڑھا دیا، درجنوں ٹینک ،بکتر بند گاڑیاں اور بلڈوزر خان یونس پہنچا دیے ۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کو اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں 2 اسکولوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 50 فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے، اسکولوں میں سیکڑوں بےگھر فلسطینیوں نے پناہ لی ہوئی تھی۔

اسرائیلی فوج نے حماس کے 200 سے زائد ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا ہے جبکہ اسرائیل نے مین فائبر روٹس کاٹ دیے جس کی و جہ سے غزہ میں لینڈ لائن، موبائل اور انٹرنیٹ سروس ایک بار پھر معطل ہو گئی۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کو علاقہ چھوڑنے کے احکامات دیے گئے ہیں جبکہ عالمی ادارہ صحت کو بھی 24 گھنٹوں میں جنوبی غزہ میں گودام چھوڑنے کا حکم ملا ہے۔

اس سے پہلے اسرائیل نے شمالی غزہ میں زمینی حملے کر کے فوج تعینات کی تھی۔

فلسطینی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے مغربی کنارے سمیت جینن، سلواد، جفنا، جلازوم، قلقلیا اور ہبرون میں چھاپے مارے اور متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کیا۔

غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہےکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 700 فلسطینی شہید کیے گئے۔

وائٹ ہاؤس نیشنل سکیورٹی مشیر نے کہا کہ امید ہے اسرائیل نے غزہ میں رہائشی ‘no-strike’ زونز کی شناخت کر لی ہو گی۔ امید ہے کہ اسرائیل انہیں نشانہ نہیں بنائے گا ۔

حماس کا  اسرائیلی فوج کی 28 گاڑیوں کو تباہ کرنیکا دعویٰ

حماس کی القسام بریگیڈز نےدعویٰ کیا ہے کہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی فوج کی 28 گاڑیوں کو تباہ کیا گیا، جھڑپوں میں اسرائیلی فوج کا جانی نقصان بھی ہوا۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے اپنے مزید 3 فوجیوں کے مارے جانے کی تصدیق کر دی جس کے بعد ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 77 ہوگئی۔

 

اسرائیلی وزیردفاع نے کہا ہےکہ بہت جلد حماس کو بکھیر دیں گے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت سے تقریباً 16 ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

7 اکتوبر سے اب تک غزہ کے 19 لاکھ شہری بے گھر ہوگئے

فلسطینی مہاجرین کے لیے کام کرنے والے اقوام متحدہ کے ادارے یو این آر ڈبلیو اے نے بتایا ہے کہ غزہ کی 80 فیصد سے زائد آبادی اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہو چکی ہے۔

عالمی ادارے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں غزہ کے 19 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

یو این آر ڈبلیو اے نے بتایا کہ اس وقت 12 لاکھ بے گھر افراد ادارے کے 156 مراکز میں مقیم ہیں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top