آسٹریلیا کے نیشنل سلیکشن پینل نے پاکستان کے خلاف پرتھ میں کھیلے جانے والے ویسٹ ٹیسٹ کیلئے پیٹ کمنز کی قیادت میں 14 رکنی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔
14 رکنی آسٹریلین اسکواڈ میں ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، اسٹیو اسمتھ، مارنس لبوشین، نیتھن لوئن، مچل مارش، لانس مورس، مچل اسٹارک، اسکاٹ بولینڈ، ایلکس کیری، کیمرون گرین، جوش ہیزل وڈ اور ٹریوس ہیڈ شامل ہیں۔
دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا پہلا ٹیسٹ 14 سے 18 دسمبر تک پرتھ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا
آسٹریلین نیشنل سلیکشن پینل کے سربراہ جارج بیلے کا کہنا ہے کہ پیٹ کمنز کی قیادت میں موجودہ گروپ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اعلان کردہ اسکواڈ میں شامل 14 میں سے 13 ارکان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فاتح اسکواڈ کا حصہ تھے جبکہ لانس مورس کو کمر کی انجری سے مکمل صحت یابی کے بعد دوبارہ اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
جارج بیلے نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح، ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کیلئے انٹرنیشنل اسکواڈ میں جگہ بنانے کے مواقع موجود ہیں، چاہتے ہیں کہ ممکنہ کھلاڑی قومی سطح پر مسلسل مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ جاری رکھیں، ان میں سے اکثر کھلاڑی بدھ سے پاکستان کے خلاف چار روزہ میچ کیلئے پی ایم الیون کا بھی حصہ ہیں۔