اسلام آباد: آئی ایم ایف ابھی تک ایگز یکٹوبورڈ کے اس اجلاس کے شیڈول کو حتمی شکل نہیں دے سکا جس میں پاکستان کی درخواست پر پہلے جائزے کی تکمیل اور 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ پروگرام کی 70 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط کا اجرا ہونا تھا۔
اس طرح یہ اجرا اب جنوری میں ہونے کا امکان ہے۔ آئی ایم ایف نے ابھی تک ٹھیک شیڈول جاری نہیں کیا کیونکہ فنڈ کی ٹیم ابھی موجودہ مالی سال کے لیے 24.9 ارب ڈالر کی رقم کی ضروریات پوری کرنے کےلیے دوطرفہ اور کثیر الطرفین قرض دہندگان سے (پاکستان کو واقعی اتنے پیسے دینے جتنے اسکی ضرورت ہے) کی تصدیق کرنے میں مصروف ہے۔
اس تاخیر کے نتیجے میں پالیسی سازوں کی یہ بحث بھی سامنے آرہی ہے کہ آئی ایم ایف آئندہ عام انتخابات کے بعد منتخب ہونے والی حکومت سے دوسرے جائزے کے حوالے سے مذاکرات شروع کر سکتا ہے۔
آئی ایم ایف کے پروگرام کے شیڈول میں ابتدائی طور پر دوسرے جائزے کے مذاکرات کا آغاز 3 فروری 2024کو ہونا تھا لیکن اگر الیکشن 8 فروری کو ہوتے ہیں تو س کے نتیجے انتخابات فروری کے آخری ہفتے یا مارچ کے شروع میں ہوں گے جب کہ اسٹینڈ بائی پروگرام 14اپریل 2024کو ختم ہو جائے گا۔