
لاہور: پی سی بی کے سی ای او محسن نقوی کی جانب سے پریس کانفرنس میں کپتان کی تقرری پر تبصرے کے بعد نئے کپتان کے حوالے سے افواہیں تیز ہوگئیں اور قومی ٹیم کے کپتان کی تقرری کے سلسلے میں ایک بار پھر سابق کپتان بابر اعظم کا نام گردش کرنے لگا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے حلقوں میں بابر اعظم کو دوبارہ کپتان بنانے کے لیے بات چیت جاری ہے اور یہ بھی اطلاعات ہیں کہ پی سی بی حکام نے سابق کپتان سے رابطہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کے لیے ایبٹ آباد روانگی سے قبل بابر اعظم کی بورڈ کے نمائندوں سے ملاقات کا امکان بھی سامنے آگیا۔
سابق کپتان کے قریبی ذرائع کے مطابق ان کی بطور کپتان تقرری کی خبریں سامنے آئی ہیں تاہم بابر اعظم نے ابھی کپتانی کی پیشکش قبول کرنے یا مسترد کرنے کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔
قریبی ذرائع کے مطابق بابر اعظم کو کپتانی کی پیشکش کی گئی تو وہ مختلف پہلوؤں پر بات کریں گے۔
گزشتہ سال نومبر میں سابق سی ای او ذکاء اشرف نے بابر اعظم کو کپتانی سے ہٹا دیا تھا جس کے بعد شاہین آفریدی کو قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان اور شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کپتانی کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی پر چھوڑ دیا ہے۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم عمرہ کی ادائیگی کے بعد کل شام لاہور پہنچے تھے۔