
امریکہ نے کہا کہ وہ پاکستان کے انتخابی عمل پر کڑی نظر رکھے گا اور امید ظاہر کی کہ آزادی اظہار کا احترام کیا جائے گا۔
واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ پاکستان میں انتخابی عمل پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان نے کہا کہ امریکہ کو تشدد، پریس پر پابندی، انٹرنیٹ کی آزادی اور آزادی اظہار میں مداخلت پر تشویش ہے اور وہ چاہتا ہے کہ انتخابات کے دوران اظہار رائے کی آزادی کا احترام کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے ذریعے بغیر کسی خوف، تشدد یا دھمکی کے اپنے قائدین کا انتخاب کریں، پاکستانی عوام کو اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ ملک میں پارلیمانی انتخابات 8 فروری کو ہوں گے۔